حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء بورڈ مہاراشٹرا ہندوستان کے سربراہ سید محمد اسلم رضوی نے ایک پیغام کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر حجۃ الاسلام و المسلمین سید ابراہیم رئیسی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اس تہنیتی پیغام کا تفصیلی متن کچھ یوں ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
جناب آیۃ اللہ ابراہیم رئیسی ایرانی نو منتخب صدر اور خادم امام رضا علیہ السلام
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
امام راحل(رح)کے فرمان کے مطابق آستانہ مقدس امام رضا علیہ السلام اسلامی جمہوریہ ایران کا مرکز ہے جناب عالی کو اس آستانہ مقدس کے خادم ہونے کا اعزاز حاصل تھا اب خداوند تعالیٰ نے ایران کے انقلابی عوام کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے جو کہ خدا کی آپ پر منت اور نعمت ہے۔
اس موقع پر،جہاں پر اندرونی اور بیرونی دشمنوں اور ان کے آلہ کاروں کی طرف سے اس انتخابات کو متأثر کرنے کے لئے طرح طرح کی سازشیں کی جارہی تھیں ایسے میں جناب عالی کا شائستہ انتخاب، دشمنوں اور ہرزہ سرائی کرنے والوں کے منہ پر زوردار طمانچہ اور استکبار جہاں سمیت صہیونیت اور جمہوریت کے الف ب سے بے خبر قبائلی طرز کی حکومتوں کے لئے غم اور تشویش کا باعث بنا ہے ،إن شاء الله دشمن ہمیشہ کی طرح ناکام رہے گا۔
ہم اس عظیم کامیابی پر ملت ایران اور جناب عالی کی خدمت میں تبریک پیش کرتے ہوئے آپ کی توفیق میں اضافے کی بارگاہ الٰہی میں دست بدعا ہیں۔
براہ کرم ہندوستان کے صوبہ مہاراشٹر کے لاکھوں مسلمانوں اور خاص طور پر شیعوں کی طرف سے ہدیہ تبریک کو قبول فرمائیں۔
خدا کے الطاف اور عنایات،امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی تائید،امام امت اور شہداء رحمۃ اللہ علیہم کی دعائے خیر جناب عالی کے لیے توشہ راہ ہوں۔
آپ کا مخلص محمد اسلم رضوی
شیعہ علماء بورڈ مہاراشٹرا ہندوستان
19جون 2021ء